ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چینی صدر شی جن پنگ کے 3 روزہ دورہ امریکا کا آغاز، شاندار استقبال

غیر معمولی پروٹوکول، جوائنٹ بیس اینڈریوز پر آمد، اہم عالمی امور پر مذاکرات ہوں گے

September 24, 2026 · اہم خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوائنٹ بیس اینڈریوز پر چینی صدر شی جن پنگ کا استقبال کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوائنٹ بیس اینڈریوز پر چینی صدر شی جن پنگ کا استقبال کر رہے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پنگ اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں جوائنٹ بیس اینڈریوز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے ان کا انتہائی شاندار اور غیر معمولی استقبال کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کے استقبال کے لیے میری لینڈ کے فوجی اڈے پر 100 فٹ طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا تھا۔ اس موقع پر مہمان رہنما کو توپوں کی سلامی دی گئی اور امریکی فضائیہ کے دو B-1 بمبار طیاروں نے فضائی مظاہرہ کیا۔ صدارتی تقریبات کی نگرانی کرنے والے ادارے کے مطابق 11 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی امریکی صدر نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ذاتی طور پر کسی غیر ملکی رہنما کا استقبال کیا ہے۔ اس سے قبل 2015ء میں صدر براک اوباما نے پوپ فرانسس کا یہاں استقبال کیا تھا۔

استقبالیہ تقریب کے دوران امریکی فضائیہ کے بینڈ نے دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کیے جبکہ امریکی فوج کی تمام سروسز کے پلاٹونز بھی تقریب کا حصہ تھے۔ تقریب کے بعد دونوں رہنماؤں نے مسکراہٹ کے ساتھ مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو کے بعد الگ الگ گاڑیوں میں واشنگٹن ڈی سی کے لیے روانہ ہوگئے۔

دستاویزات اور سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں صدور کے درمیان ٹیرف، مصنوعی ذہانت، تائیوان کو اسلحے کی فروخت، ایران جنگ اور دیگر اہم دوطرفہ امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی صدر 1982ء کے مشترکہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے امریکا سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا مطالبہ بھی کر سکتے ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والا تجارتی معاہدہ بھی نومبر میں ختم ہونے والا ہے، جس کے باعث تجارتی معاملات بھی ملاقاتوں کا اہم موضوع ہوں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں