خطے میں امن کی کوششیں، ہمسایہ ممالک سے تعلقات کو وسعت دینے کا عزم، تہران میں اہم سفارتی ملاقاتیں ہوئیں
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی
تہران (بیورو رپورٹ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران آئندہ چند روز میں امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب دے گا۔ سرکاری اور خبر رساں ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تسلسل جاری ہے، جبکہ ایران نے امریکا کے سامنے پیش کی گئی اپنی تجاویز کو سات روزہ منصوبے کا نام دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران نے امریکا کی جانب سے دی گئی تجاویز کا مؤقف سن لیا ہے اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی تجاویز پر غور مکمل کرنے کے بعد ایران واشنگٹن کو باضابطہ جواب ارسال کرے گا، اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکراتی عمل جاری ہے۔
دریں اثنا، ایرانی وزیر خارجہ نے آرمینیا کے وزیر خارجہ آرات میرزویان کے دورۂ تہران کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ خطے کی خوشحالی کے لیے ایران ہمسایہ ممالک سے مضبوط تعلقات بنانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تہران میں آرمینیائی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران معیشت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عباس عراقچی نے زور دیا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل مذاکرات اور تعاون ایک زیادہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطے کے قیام کے لیے ایران کی اولین ترجیح ہے۔