English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگوں کی اللہ کے حضور سب سے زیادہ پوچھ گچھ ہوگی نواز شریف

ملک کی خدمت کرنے والے کو نااہل قرار دیا گیا
ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لے جائیں گے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کی کرسی پرموجود لوگوں کی اللہ کے حضور سب سے زیادہ پوچھ ہوگی، ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے اور ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، ملک میں 70برس میں ووٹ کا احترام نہیں رہا، ہم نے ووٹ کے تقدس کو بحال کرنا ہے، میرا پیغام عوام کے دلوں اور ذہنوں تک پہنچ گیا ہے، مخالفین کو صادق،امین اور ملکی خدمت کرنے والے کو نا اہل کر دیا گیا ہے۔وہ بدھ کو علامہ راغب حسین نعیمی کی رہائش گاہ پر مولانا محمد حسین نعیمی کی اہلیہ اور علامہ راغب حسین نعیمی کی دادی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ لودھراں میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں،دل چاہتا ہے کہ لودھراں جاکر عوام کا شکریہ ادا کروں،یہ اللہ کی رضا اور فیصلہ ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ لودھراں ضمنی انتخاب جیسا نتیجہ عوام نے دیا، ایسا کوئی سوچ سکتا تھا، مخالفین کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے گالی اور الزام تراشی کی سیاست کر کے لوگوں کو خراب کیا ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، 20 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے جبکہ اس حوالے سے ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا،اسے بحال اور قائم کرنا ہے،ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا، تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔نواز شریف نے کہا کہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے تھے لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل اور جھوٹا قرار دے دیا گیا، ایک فیصلہ انسان کا اورایک اللہ کا فیصلہ ہوتا ہے،انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے اور انہیں سب سے زیادہ جوابدہ ہونا ہے،گالم گلوچ اورالزام تلاشی کی سیاست کرنے والوں کو صادق اورامین قراردیا گیا اورہم جوعوام کی خدمت کررہے ہیں گھربھیج دیا گیا۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ مخالفین کے لیے لمحہ فکرہے کہ انہوں نے منافقت اورجھوٹ کی سیاست کی ہے، عمران خان نے سیاست کوخراب کیا اورگالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے