شائقین کرکٹ کیلئے مزار قائد ٗ الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک شٹل سروس فراہم ہوگی
پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے قیام اور ہوٹل لے جانیوالے راستوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ٗ جام خان شورو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و کنونیئر شہری سہولیات کمیٹی برائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی میں 25 مارچ 2018 کو ہونے والے میگا ایوینٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جس طرح کراچی میں حالیہ دو ایوینٹ جس میں برہانی برادری کے روحانی پیشوا سیدنا برہان الدین اور اسماعیلی روحانی پیشوا آغا خان کی کراچی آمد کی طرح اس ایوینٹ کو بھی یادگار ایوینٹ بنایا جائیگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اندورنی تمام انتظامات کو این ایل سی اور پی سی بی کی معاونت سے کم و بیش مکمل کرلیا گیا ہے اور ان کا یہ فیز 15 مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔کھلاڑیوں کی کراچی آمد، وہاں سے ہوٹل میں قیام اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے تمام راستوں کی خوبصورتی کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔جبکہ شائقین کرکٹ کے لئے مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں شہری سہولیات کی فراہمی کی کمیٹی برائے فائنل پی ایس ایل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان،سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان،ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ، جنرل ،مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ودیگر اجلاس میں شریک تھے۔

