سیاسی مقدمات کو ہاتھ لگانے کا دل بھی نہیں کرتا
چاہتا ہوں لوگوں کو دو وقت کی روٹی اور صاف پانی مل جائے
کچھ کر دکھانے کا وقت آپہنچا ہے، جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس
اسلام آباد (اے این این) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ خدا کی قسم میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، سیاسی مقدمات کو ہاتھ لگانے کا بھی دل نہیں کرتا، چاہتا ہوں لوگوں کو دو وقت کی روٹی اور صاف پانی مل جائے، بنیادی حقوق دیے جائیں، کچھ کر دکھانے کا وقت آن پہنچا ہے، ہمیں کسی نے ٹیسٹ کرنا ہے تو ابھی کرلیں، ادویات کی قیمتوں کا تعین سپریم کورٹ نے نہیں کرنا، قیمتوں میں توازن ہونا چاہیے، کوئی شخص نقصان کے لیے کاروبار نہیں کرتا آپس میں بیٹھ کر قیمتوں کا تعین کریں، عدالتوں کو بیچ میں نہ لائیں، ادویات ساز کمپنیوں کو معقول معاوضہ ملنا چاہیے، ڈریپ تمام درخواستوں پر جلد ازجلد فیصلہ کرے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈریپ کو تمام کام شفافیت اور ایمانداری سے کرنا ہوگی۔ منگل کو سپریم کورٹ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہاکہ دوائوں کی وہ قیمت متعین کی جائے جو عوام پر بوجھ نہ بنے اور ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس ازخود قیمت بڑھانے کا اختیار نہیں۔ چیف جسٹس ثاقت نثار نے کہاکہ ڈریپ کو کہہ دیتے ہیں کہ درخواستوں کو سُن کر فیصلہ کرے، 6 ہزار کی ہیپاٹائٹس کی دوا 25 ہزار روپے میں بیچی جارہی ہے، سب سے بڑا قصور ڈریپ کا ہے ہم راتوں کو بھی بیٹھ کر ادویہ ساز کمپنیوں کی درخواستوں کا جائزہ لیں گے، ادویات ساز کمپنیوں کو معقول معاوضہ ملنا چاہیے۔

