English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آبی تنازعات پر مصر سوڈان اور ایتھوپیا میں جنگ کا خطرہ

القمر

قاہرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) پانی پر دنیا کے کئی ممالک میں تنازع ہے۔ ان میں سے ایک افریقا کے مشہور دریا ’’نیل‘‘ کے پانی کی تقسیم کا ہے برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دریائے نیل پر بننے والے ایک ڈیم سے افریقا میں جنگ چھڑ سکتی ہے اور اسے صرف اسی صورت ٹالا جا سکتا ہے کہ اگر ایتھوپیا ہمسایہ ممالک مصر اور سوڈان کے ساتھ معاہدہ کر لے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ایتھوپیا دریائے نیل پر دنیا کے بڑے ڈیموں میں سے ایک ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ اسے ’’گریٹ رینیسانس ڈیم‘‘ کہا جاتا ہے۔ دریائے نیل پر ڈیم کے منصوبے کی تعمیر کا تنازع صرف مصر، ایتھوپیا اور سوڈان کے درمیان حکومتی معاہدے سے حل ہوسکتا ہے۔ اکتوبر کے اوائل میں اس معاملے پر کشیدگی بڑھی تھی جب مصر کے فوجی صدر عبدالفتاح سیسی نے کہا تھا کہ ’تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ انہوں نے دیگر ممالک سے اس صورت حال کو حل کرنے کے لیے ثالثی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اسی مقصد کے لیے تینوں ممالک کے نمایندگان نے بدھ کے روز واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، تاکہ اس مسئلے پر بات چیت ہوسکے۔ تاہم ملاقات سے قبل ایتھوپین وزارت خارجہ کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد ثالثی کرانا نہیں، بلکہ بات چیت کرنے کا ایک موقع ہے۔ ایتھوپیا کا کہنا ہے کہ دریائے نیل پر ڈیم کی تعمیر سے ملک میں معاشی ترقی، غربت کا خاتمہ اور علاقائی سالمیت کو فروغ ملے گا، جب کہ اس کی تعمیر سے ہمسایہ ممالک کے لیے پانی کا مسئلہ سنگین نہیں بنے گا۔ دوسری طرف مصر کا اعتراض ہے کہ ڈیم میں پانی بھرنے سے دریائے نیل میں ان کے حصے کا پانی کم ہو جائے گا۔ اس ڈیم کے بھرنے میں 2 سے 5 سال لگ سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے