سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ نےسماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بگڑتی صحت کے پیش نظر ان کا نام ای سی ایل غیر مشروط طور پر فوری نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کچھ دیر بعد سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزحکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو 7 ارب کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کی صورت میں 4 ہفتوں کے لیے ایک بار بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی تھی جب کہ وزرات داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک جانے کیلئےحکومتی سیکورٹی بانڈز کی شرط ماننےسے انکار کردیا تھا۔

