English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران نے مظاہرین پر طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا،ایمنسٹی انٹرنیشنل

تہران: رہبراعلیٰ خامنہ ای پاسدارانِ انقلاب اور صدر حسن روحانی کابینہ سے خطاب کررہے ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایرانی حکومت پر مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے شہریوں کے خلاف طاقت کا بہیمانہ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کے روز جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں تیل کی قیمتوں کے خلاف حالیہ مظاہروں میں 106 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، لیکن تہران حکومت ایسی خبروں کو چھپا رہی ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق یہ ہلاکتیں ایران کے 21 شہروں میں ہونے والے احتجاج کے دوران ہوئیں، جب کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ عینی شاہدین، موقع پر بنائی جانے والی وڈیوز اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے بیانات پر مبنی ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد انتہائی کم بتائی جاتی رہی ہے اور سرکاری ذرائع نے صرف 9 مظاہرین کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ دوسری جانب احتجاج میں شریک دوہری شہریت کے حامل کئی افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ایرانی نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس کے مطابق جن کے پاس دوہری شہریت تھی، ان کا تعلق جرمنی، ترکی اور افغانستان سے ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد بیرونی مدد اور تربیت یافتہ ہیں، تاکہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچائیں۔ دوسری جانب ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ دنوں میں دشمن کو پسپا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے منگل کی شب ایک نشری تقریر میں ملک میں حالیہ عوامی مظاہروں کے مقابلے میں اپنی اس فتح کا اعلان کیا۔ جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے ملک میں حالیہ بد امنی کے دوران اپنی حکومت کی فتح کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایران ایک تاریخی امتحان میں کامیاب رہا ہے۔ روحانی نے غیرملکیوں کو ایران میں حالیہ بد امنی اور احتجاجی مظاہروں کا مورد الزام ٹھہرایا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے