English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران ،یورینیم ذرات ملنے پر عالمی جوہری ادارے کا اظہار تشویش

القمر

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے ایران سے ایک غیرعلانیہ جگہ پر پائے جانے والے یورینیم ذرّات کے بارے میں وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو جلد حل کیا جائے۔ ایجنسی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کورنیل فیروٹا نے گزشتہ روز ویانا میں بورڈ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے نے ایران کی غیر اعلانیہ جگہ میں قدرتی یورینیم کے ذرّات کا پتا چلایا ہے۔ ایران نے اس جگہ کے بارے میں پہلے ایجنسی کو مطلع نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس مسئلے کو جلد حل کرنے کے لیے ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرے۔ کورنیل فیروٹا نے ایران کی اس جگہ کے نام کا انکشاف نہیں کیا ہے جہاں سے یہ ذرّات ملے ہیں تاہم فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ آئی اے ای اے نے تہران کے علاقے طورقوزآباد میں واقع جگہ کے بارے میں جواب طلب کیا تھا۔ آئی اے ای اے میں امریکی سفیر جیکی وولکاٹ نے بورڈ کے اجلاس میں کہا کہ یہ معاملہ گہری تشویش کا سبب ہے اور ایران ایک سال تک اس معاملے کو مناسب انداز میں حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اُدھر یورپی یونین نے بھی ایران پر زوردیا ہے کہ وہ آئی اے ای اے کی تشویش کا فوری طور پر جواب دے۔ دوسری جانب ایرانی دفتر ِ خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں کے بارے میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے بیانات پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر اعلان میں یورپی یونین کی خارجہ تعلقات و سلامتی امور کی نمایندہ فیڈریکا موگرینی کے دفتر سے جاری اپیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین شر پسندی کی حمایت کرنے اور ہمارے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کے بجائے ایران کو دیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے