English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مظاہرین کا قتل، امریکا نے 3 ارکان پارلیمان پر پابندیاں لگا دیں

القمر

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں مظاہرین کی ہلاکتوں پر امریکا نے 3 ارکان پارلیمان پر پابندیاں لگا دیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کے روز جن 3 عراقی ارکانِ پارلیمان کو بلیک لسٹ کیا، ان پر مظاہرین کو قتل کرنے اور ایران کا حمایت یافتہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ پابندیوں کا شکار ہونے والے ان سیاست دانوں میں ملیشیا عصائب اہل الحق کے سربراہ قیس الخزعلی، ان کے بھائی لیث الخزعلی اور حشد شعبی کے سیکورٹی چیف حسین فالح اللامی شامل ہیں۔ جب کہ ایک معروف کاروباری شخصیت خمیس خنجر کو بدعنوانی کے الزامات پر بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔ یہ پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی گئیں جب جمعہ کے روز عراق میں احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔ عراقی انسانی حقوق کمیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے جاری مظاہروں میں اب تک 460 افراد ہلاک اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ امریکی پابندیاں بھی عراق بھر بالخصوص جنوبی صوبوں میں عوامی احتجاج کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ جنوبی صوبوں میں ایک دن کے اندر درجنوں مظاہرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اپنا قانونی اختیار استعمال کرے گا، تا کہ عراقیوں کی دولت لوٹنے والی بدعنوان شخصیات اور مظاہرہ کرنے والے شہریوں کو ہلاک وزخمی کرنے والوں پر پابندیاں عائد کی جا سکیں۔ جب کہ امریکی وزیر خارجہ کے معاون ڈیوڈ شنکر نے بھی ان پابندیوں کا عندیہ دیا تھا، جو واشنگٹن کی جانب سے عراق میں مختلف عہدے داران کے خلاف لگائی جانے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے