مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے اسرائیل اور عرب ممالک درمیان تعلقات استوار کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ سیاسی امور کے تجزیہ نگار بارک رابیڈ کا کہنا ہے کہ عرب، اسرائیل اور امریکی ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ وائٹ ہائوس عرب ممالک اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کے قیام کی کوشش کررہا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا نے متحدہ عرب امارات، بحرین، سلطنت عمان اور مراکش سے رابطے کیے ہیں۔ رابیڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں امریکا عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان عدم جنگ کے معاہدے کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں تل ابیب کے خطے کے تمام عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت سے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان خفیہ روابط موجود ہیں اور تل ابیب کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی قومی سلامتی کی نائب مشیر ویکٹوریا کوٹز نے واشنگٹن میں عرب ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کی اوران کے سامنے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام اور تل ابیب کے ساتھ عدم جنگ کا معاہدہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق عرب سفیروں نے امریکی عہدے دار کو یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومتوں سے صلاح مشورہ کرکے اس تجویز پر جلد ہی جواب دیں گے۔
