لاہور( نمائندہ جسارت) فیروزوالا میں کار پر فائرنگ سے 3 سیاسی کارکن جاں بحق ہوگئے۔تینوں جاں بحق افراد کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب کرلی ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت ، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیروزوالا میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے پچھلی نشست پر بیٹھے 3 افراد کو قتل کردیا۔تینوں افراد فیروز والا کچہری میں پیشی پر آئے تھے اور کیس کی سماعت کے بعد واپس مریدکے جارہے تھے کہ راستے میں رانا ٹاؤن کے قریب ان پر فائرنگ ہوئی۔ گاڑی میں ڈرائیور اور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا شخص خالد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔جاں بحق افراد کی شناخت صداقت علی صداقت، شبیر حسین سرویا اور اسد ہاشمی کے نام سے ہوئی۔ صداقت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جبکہ شبیر احمد سرویا اور اسد ہاشمی جماعت اسلامی کے رکن تھے۔ لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فیروز والا میں3 کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا تھا، قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جماعت اسلامی کے کارکنان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ کے جنرل سیکرٹری چودھری زاہد عمران کوروٹانہ ، چودھری فرحان شوکت ہنجرا ، جاوید بٹر ، ریاست علی کلو ، اعظم علی سرویا ، جے آئی یوتھ نارنگ کے رہنما حسنین اعظم سرویا نے جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے صوبائی رہنما شبیر احمد سرویا ،صداقت علی ، اسد ہاشمی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا قتل سیکورٹی اداروں اور لااینڈ آرڈر کی ناکامی ہے ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
جماعت کارکن جاں بحق
