پیانگ یانگ (مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز) شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سوہائی سیٹیلائٹ لانچنگ اسٹیشن سے ’ایک انتہائی اہم‘ تجربہ کیا ہے۔ یہ وہی لانچنگ اسٹیشن ہے، جس کے بارے میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ حکومت اسے بند کرنے کا وعدہ کر چکی ہے۔ شمالی کوریا حکومت نے اس تجربے کو کامیاب قرار دیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ کس قسم کا ٹیسٹ تھا۔ ماہرین کے مطابق بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ شمالی کوریا نے اس مرتبہ میزائل کے بجائے راکٹ انجن کا تجربہ کیا ہے۔علاوہ ازیں شمالی کوریا نے امریکا کے ساتھ اپنے متنازع جوہری پروگرام پر مزید بات چیت نہ کرنے کا اعلان کر دیا اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر کِم سانگ نے کہا کہ جوہری تخفیف اسلحے سے متعلق امریکا سے مزید کوئی بات نہیں ہوگی۔ا نہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ طویل مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں۔کِم سانگ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مستقل اور ٹھوس بات چیت کی کوشش اس کے اندرونی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور وقت بچانے کی ایک چال ہے۔
