English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام میں روسی اور اسدی بمباری سے 20 شہری شہید

القمر

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں روس اور بشارالاسد کی افواج کی بم باری سے مزید 20 شہری شہید ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق منگل کے روز جنگی طیاروں اور توپ خانے نے صوبہ ادلب کے مختلف علاقوں پر بم اور گولے برسائے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں 2 خاندانوں کے 12 افراد سمیت کل 20 شہری لقمہ اجل بنے۔ مرنے والوں میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔ اس دوران اسدی فوج نے جنگی ہیلی کاپٹروں سے علاقے میں بیرل بم بھی گرائے۔ حملوں کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوئے، جب کہ کئی مکانات سمیت مختلف عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، جن کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ترکی نے کہا ہے کہ ہم شامی بحران کے سیاسی حل کے لیے ہر ممکنہ کوشش کر رہے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد ہونے والے ’’شامی مہاجرین کا بحران‘‘ نامی پینل سے خطاب میں تُرک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا کہ 3 لاکھ 71 ہزار شامی مہاجرین بحفاظت ترکی سے اپنے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ محفوظ اور رضاکارانہ واپسی مہاجرین کے بحران کا واحد پائیدار حل ہے۔ ضروری فزیکل وسیکورٹی شرائط کی تکمیل اور مہاجرین کی محفوظ شکل میں واپسی کی حوصلہ افزائی کے لیے ہم مل کر کام کر رہے ہیں۔شامی مہاجرین کی واپسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مہاجرین کی واپسی دریائے فرات کے مشرق میں محفوظ علاقے کے قیام کے لیے ایک کامیاب مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے