حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن نے حیسکو ریجن کے 4 آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنکل، ریونیو افسران اور SDOs سے حیسکو کانفرنس ہال میں کارکردگی کے بارے میں تفصیلی میٹنگ کی۔ حیسکو چیف نے میٹنگ میں ہدایات دیں کہ واجبات کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنائیں، بجلی چوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا اور بجلی چوری کو روکنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا بلا تفریق نادہندگان اور بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو بجلی کی بہتر فراہمی اور بجلی کا بل وقت پر پہنچانا ہمارا نصب العین ہے، جس سے ہمارا ادارہ ترقی کرے گا۔ بجلی سے متعلق شکایات کا فوری حل ہماری ذمے داری ہے، واجبات کی وصولی، لائن لاسز کم کرنا، ہمارے فرائض منصبی ہیں۔ تمام فیلڈ افسران کی ذمے داری کہ صارفین کی شکایات کو خوش اسلوبی سے سنیں اور اس کے فوری حل کے لیے بہترین اقدامات کریں کیونکہ عوام کی سہولت کے لیے ہماری ذمے داری ہے۔ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران، ملازمین کیخلاف مروجہ قانون کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چور حیسکو کا دشمن ہے، اسی لیے بجلی چوروں کے تمام کنکشن منقطع کردیے جائیں یہ کمرشل ادارہ بجلی کے بلوں کے پیسوں پر رواں دواں ہے۔ اس لیے بجلی خرید کر اپنے صارفین کو دیتے ہیں، لہٰذا کسی کو بھی مفت میں بجلی فراہم نہیں کریں گے۔
