English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان کیخلاف توہین مذہب کیس؛ عدالت نے فیصلہ جاری کردیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین مذہب کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست کو غیر سنجیدہ اور ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین مذہب کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔فیصلے میں چیف جسٹس نے لکھا ہے کہ کسی شخص کے ایمان یا عقیدے پر دوسرا شخص سوال نہیں اٹھاسکتا، اسلامی تعلیمات کے علم کا پیمانہ عدالتی کارروائی سے نہیں لگایا جاسکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمان اور یقین ہر شخص کا ذاتی معاملہ ہے لہٰذا دوسروں کو اس پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے، توہین مذہب کا الزام لگانے کے حوالے سے ہمیشہ احتیاد سے کام لینا چاہیے۔

بعد ازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نے توہین مذہب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ درخواست گزارسلیم اللہ ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئےتھے۔ سماعت کے آغاز پر کیس کے مدعی نے موقف اپنایا تھا کہ عدالت عالیہ نے توہین عدالت پر جس عمران خان کو معاف کیا وہ توہین مذہب بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان قرآن سے وہ باتیں منسوب کرتے ہیں جو اس میں موجود نہیں، جس پرعدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ آپ درخواست پر فیصلے کا انتظار کریں۔

درخواست گزار نے جواب میں کہاتھا کہ فیصلے کے انتظار کا مطلب درخواست مسترد ہی ہوتا ہے۔

فاضل جسٹس نے درخواست گزار کے رویے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاتھا کہ آپ وکیل ہیں، عدالت کا احترام ملحوظ خاطررکھیں۔

جس پر درخواست گزار سلیم اللہ نے کمرہ عدالت میں ہتھکڑی لہراتے ہوئے کہا تھاکہ مجھے توہین عدالت میں گرفتار کرا دیں۔ اس موقع پر فاضل جج نے کہا کہ آپ عدالت میں معاملہ لائے ہیں، اس پر حکم جاری کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے