واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ایک مسلمان خاتوں کا زبردستی حجاب اتارنے والے فوٹو گرافر کو عدالت نے سزا سنادی۔ وفاقی عدالت نے ریاست منی سوٹا کی رامسے کاؤنٹی کے خلاف دائر مقدمے میں عابدہ شائف الکادی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ایک لاکھ 20ہزار ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر خاتون کا کہنا تھا کہ سزا سنانے کے بعد اس بات کی ضمانت بھی دی جائے کہ آیندہ اس علاقے کی کسی بھی مسلمان خاتون کے مذہبی عقائد کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔ 2013ء میں 57سالہ خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کے جرم میں جیل جانا پڑا۔ جیل حکام نے مردوں کے سامنے انہیں اپنا حجاب اور عبایا اتارنے کا حکم دیا، انکار پر انہیں زبردستی کوٹھری میں ڈال کر جیلر کے سامنے حجاب اتارا گیا۔ الکادی کا کہنا تھا کہ جیل حکام نے وعدہ کیا کہ ان کی تصویر شائع نہیں کی جائے گی، تاہم انہوں نے خلاف ورزی کرتے ہوئے صحافیوں کو ان کی تصویر فراہم کردی۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ مسلمان خواتین کو کسی مرد کے سامنے حجاب اتارنے کیلیے نہ کہا جائے،جب کہ جیل میں اسے سر ڈھانپنے کیلیے جیل کا حجاب مہیا کیا جائے۔ عدالت نے لکھا ہے کہ انٹرنیٹ پر سے الکادی کی تصویر ہٹائی جائے اور جیل حکام اپنے عملے کو خواتین کے ساتھ ان کے مذہبی عقائد کے مطابق برتاؤ کرنے کی تربیت دینے کا بھی انتظام کریں۔
