
منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن میں سمندری طوفان فان ’فون‘ نے تباہی مچادی ہے، جس سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قدرتی آفت کی تباہ کاریوں کا سلسلہ رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے۔ فلپائن ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 13 سالہ لڑکا بھی شامل ہے، جو آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا تھا، جبکہ ا یک دوسرے واقعے میں ایک شخص درخت کے نیچے دب کر اور دوسرا کار حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ منگل کے روز وسطی فلپائن سے ٹکرانے والے طوفان کی وجہ سے ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنس چکے ہیں، جس کے بعد انہیں ابتدائی امدادی کارروائیوں کے ذریعے بلندی پر بنائے گئے کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفان کے ساتھ 195 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے کئی مکانات تباہ، درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے ہیں، ساتھ ہی انٹرنیٹ کی سروس بھی منقطع ہو گئی ہے، جس کے بعد لوگوں کو رابطہ کرنے یا اطلاع پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امدادی کاموں میں مصروف اہل کاروں کا کہنا ہے کہ یہ طوفان 2013 ء میں آنے والے طوفان ’’ہیان‘‘ سے کم طاقت ور ہے تاہم اس کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
