برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں ایک سروے کے دوران اکثر شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ یوگوو سروے کے نتائج کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی میں کواسے جانے والے اس سروے میں 2 ہزار سے زیادہ مقامی افراد کا انٹرویو کیا گیا۔ اس سروے میں حصہ لینے والے افراد کا ماننا تھا کہ صدر ٹرمپ ایرانی رہبراعلیٰ خامنہ اور چینی صدر شی جن پنگ سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ اس سروے کا اہتمام نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی جانب سے کیا گیا تھا۔ 41 فیصد کا کہنا تھا کہ ان 5 عالمی رہنماؤں میں سے صدر ٹرمپ دنیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ 17 فیصد لوگوں نے کم جونگ ان، پیوٹن اور خامنہ ای کو کم خطرناک تصور کرتے ہوئے انہیں 8 فیصد پر جب کہ شی جن پنگ کو سب سے کم خطرناک کہتے ہوئے 7 فیصد پر رکھا۔ اس سروے کے گزشتہ سال کے نتائج میں تھوڑی بہت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس وقت رائے دہندگان نے صدر ٹرمپ کو 48 فیصد خطرناک قرار دیا تھا۔ اس وقت بھی انہوں نے کم جونگ اُن، پیوٹن اور ٹرمپ میں سے امریکی صدر کو ہی سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا تھا۔ رواں سال یہ سروے 16 سے 18 دسمبر کے درمیان کرایا گیا اور اس میں 2024 جرمن افراد نے حصہ لیا۔ کینٹر انسٹیٹیوٹ کے تحت ایک دیگر رائے شماری میں فنک میڈیا گروپ کو پتا چلا کہ جرمنوں کو اپنی چانسلرانجیلا مرکل سے زیادہ فرانسیسی صدر ماکروں پر بھروسا ہے۔ اس سروے میں حصہ لینے والے افراد نے فرانس کے صدر عمانویل ماکروں کو 57 فیصد جب کہ انجیلا مرکل کو 53 فیصد ووٹ دیے۔
