اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ آن لائن) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہحالیہ مہم میں حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا، حالیہ مہم کے دوران2 لاکھ 65 ہزار فرنٹ لائن ورکرز نے حصہ لیا، مہم میں 43.9 ملین بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے، کراچی، پشاور،خیبر، کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ پولیو وائرس کا گڑھ ہے، ان علاقوں میں پولیو مہم میں ایک دن کا اضافہ کیا گیا تھا، پولیو وائرس کے خاتمے کیلیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اور اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ عوام الناس کو معیاری طبی سہولیات کی فراہم کو یقینی بنایا جا سکے۔ آبپارہ زچہ و بچہ سینٹر پولی کلینک کو آپ گریڈ کر دیا ہے یہ زچہ و بچہ سینٹر 60 بیڈز پر مشتمل ہے ڈیلیوری کے تمام کیسز اس اسپتال میںہوں گے، اپ گریڈیشن سے پہلے 2 سے 3 ڈیلیوری کیس روزانہ کی بنیاد پر ہوتے تھے اب روزانہ کی بنیاد پر50 سے 100 ڈیلیوری کیسز کو یقینی بنایا جائے گا۔اس اقدام سے پولی کلینک میں مریضوں کا رش کم ہو گا۔ اسلام آباد کے 16 بنیادی مراکز صحت اور 3 ریجنل ہیلتھ سینٹرز کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ۔ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کیلیے پر عزم ہے، پرائمری ہیلتھ کئیر سسٹم کو مضبوط بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے 70 فیصد علاج کی سہولیات عوام کو پرائمری لیول پر فراہم ہوں گی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا
