English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فلسطین میں ملائیشیا کا 2 اعزازی قونصل خانے بنانے کا اعلان

القمر

کوالالمپور (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا کی حکومت نے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ اور رام اللہ میں قونصل خانے کھولنے کا اعلان کردیا۔ ملائیشیا کے وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ملائیشیا 2فلسطینی شہروں میں اعزازی قونصل خانے قائم کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملائیشیا کی حکومت 2020ء میں اُردن میں بھی فلسطین کے لیے ایک سفارت خانہ قائم کرے گی۔ اس سے قبل رواں سال جولائی میں ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیرمحمد نے دورہ ترکی کے دوران استنبول میں فلسطین کے لیے ایک قونصل خانہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں انتخابات کی فلسطینی درخواست نظرانداز کردی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت نے اس حوالے سے فلسطینی اتھارٹی کو کوئی جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پرغور کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تل ابیب حکومت اس پر کوئی منفی یا مثبت رد عمل ظاہر نہیں کرے گی۔ اس طرح فلسطینی انتخابات معطل ہوجائیں گے یا کم ازکم مقبوضہ بیت المقدس میں منعقد نہیں ہوسکیں گے۔ واضح رہے کہ فلسطین میں 1996ء، 2005ء اور 2006ء میں ہونے والے انتخابات میں مقبوضہ بیت المقدس کو شامل کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے