English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صومالیہ: امریکی فضائی حملے‘ الشباب کے 4 جنگجو مارے گئے

القمر

موغادیشو (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقا میں امریکی عسکری کمان نے اعلان کیا ہے کہ صومالیہ کے 2 قصبوں پر 3 فضائی حملوں میں عسکریت پسند تنظیم حرکت الشباب کے 4 جنگجو مارے گئے۔ افریقام کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ فضائی حملے صومالیہ حکومت کے ساتھ رابطہ کاری سے کیے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ کارروائی حرکت الشباب کے جنگجوؤں کی جانب سے امریکا کی اتحادی افواج پر حملے کے بعد کی گئی۔ واضح رہے کہ امریکا اور افریقی یونین کے تقریباً 22 ہزار فوجی اس وقت حرکت الشباب تنظیم کے خلاف لڑائی میں صومالیہ کی فوج کی معاونت کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز صومالیہ کے جنوب مغرب میں گنجان آباد ضلعے میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں 80 افراد ہلاک اور 125 زخمی ہو گئے تھے، تاہم اس کی ذمے داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اِردوان نے صومالیہ میں بم حملے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے پر اپنے ہم منصب محمد عبداللہ فرماجو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے تعزیت کی۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اِردوان نے صومالی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی صومالیہ کا ساتھ دینا جاری رکھے گا۔ انہوں نے خودکش دھماکے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے لیے دعا کی۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ جنوبی صومالیہ میں ہونے والے واقعے نے ملکی سیکورٹی کے لیے خطرہ پیدا کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے