سکھر، بدین، لاڑکانہ (نمائندگان جسارت) سکھر میں مکان کی چھت گرگئی، گھر میں سوئے تین بچے فوت، باپ اور بھائی زخمی، واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ سکھر کے نیو پنڈ تھانے کی حدود کے علاقے بھوسہ لائن کی پٹھان کالونی میں ایک شخص ندیم شر کے مکان کی چھت اس وقت مکینوں پر آگری جب وہ سورہے تھے۔ چھت کے ملبے تلے دب کر تین بچے 13 سالہ ناہید، 9 سالہ بینظیر اور 6 سالہ وسیم موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ندیم شر اور اس کا 12 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا، جن کو فوری طور پر علاقے کے لوگوں نے ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔ واقعہ کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔ بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ بدین ضلع میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچی سمیت تین افراد جاں بحق، دو زخمی ہوگئے۔ راجو خانانی کے قریب چنگ چی رکشہ الٹنے کے باعث تیس سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشے میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے، جن کو مقامی افراد نے تلہار اسپتال منتقل کیا جبکہ دوسرے حادثے میں سیرانی روڈ پر چنگ چی رکشے کے حادثے میں خاتون اور بچی جاں بحق ہوگئے جبکہ رکشے میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے شکار تھری مزدور چاول کی کٹائی کے بعد واپس ننگرپارکر جارہے تھے کہ چنگ چی کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث رکشے میں سوار خاتون نے اپنی تین سالا بیٹی سمیت روڈ پر چھلانگ لگائی تو پیچھے سے آنے والے ٹریکٹر کی زد میں آگئے اور موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چنگ چی میں سوار ایک نوجوان مزدور اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ زخیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے انڈس اسپتال بدین منتقل کردیا۔ راجو خانانی اور بدین ماڈل تھانے کی پولیس نے چنگ چی رکشے اور ٹریکٹر ٹرالی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ لاڑکانہ کی ریشم گلی میں واقع مسجد سادات جبکہ سچل کالونی میں واقع مدنی مسجد میں نامعلوم چور گھر سے نقد رقم اور دیگر سامان چوری کرکے آسانی سے فرار ہوگئے جبکہ مسجد پیش اماموں کی جانب سے حد کے تھانہ مارکیٹ اور سچل پولیس کو اطلاع کے باوجود چوروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سادات مسجد کے پیش امام عبدالرحمن، پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما علی نواز قاسمی نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مساجد میں چوری کے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکورٹی فراہم کرکے چوروں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ چوری کی گئی اشیا واپس کروائی جائیں۔
