
تائی پے (انٹرنیشنل ڈیسک) تائیوان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں فوج کے سربراہ سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت دفاع نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل شین یی منگ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر دارالحکومت تائی پے کے نواح میں واقع پہاڑوں میں جمعرات کی صبح گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 5 افراد زندہ بچ گئے، جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر پر مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے اور اس نے نا معلوم وجوہات کی بنا پر پہاڑوں میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، اس دوران ابتدائی طور پر خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ فوجی سربراہ لاپتا ہوگئے ہیں تاہم کچھ دیر بعد ان کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ حادثے کا شکار بننے والے ہیلی کاپٹر میں موجود سینئر فوجی افسران سال نو کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب میں اہل کاروں سے ملاقات کے لیے تائی پے سے شمال مشرقی شہر ایلان روانہ ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ حادثہ کس وجہ سے ہوا۔ تائیوان کی فضائیہ کے سربراہ ہاؤ چی نے تائی پے میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حادثے سے متعلق فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، تحقیقات کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تائیوان میں رواں ماہ عام انتخابات ہونے والے ہیں۔
