English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک بھر میں شدید سردی کراچی میں 10جنوری تک  شدت برقرارہنے کی پیش گوئی

القمر

کراچی/ اسلام آباد (نمائندگان جسارت) ملک بھر میں سردی کی شدید لہر کم نہ ہوسکی ،بیشتر علاقے سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہے ، کوئٹہ سمیت شمالی علاقہ جات اور پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ دو دنوں کے مقابلے میں سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی
ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا، آئندہ 3روز تک سردی کی شدت میں کمی برقرار رہے گی۔ ڈائریکٹرمیٹ سردار سرفراز نے اس ضمن میں بتایا کہ 5 جنوری سے نیا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، جوسردی میں مزید اضافے کاسبب بنے گا اور ملک بھر بارشیں متوقع ہیں۔ سردار سرفرازکے مطابق کراچی میں 6 اور7 جنوری کی درمیانی شب ہلکی بارش کا امکان ہے اور 7جنوری سے مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ کراچی میں شامل ہوگا، جس کے باعث 7 سے 10 جنوری تک سردی کی شدت اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 11جنوری سے بارش کا ایک اور نیا سسٹم جنوبی ایران سے داخل ہوگا۔کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد وادی کا منظر دل کش ہوگیا اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے کوئٹہ کا رخ کرلیا ہے۔ادھر پشین کے علاقے خانوزئی میں برفباری کے بعد ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے اورخانوزئی اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے مشینری پہنچادی گئی۔ خیبر پختوانخوا میں ضلع خیبر اور دیر بالا میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ، جنوبی وزیرستان میں بھی ہلکی برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری شروع ہوگئی ، استور، اسکردو اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی۔استور میں حالیہ زلزلے کے متاثرین شدید سرد موسم میں کھلے آسمان تلے امداد کے تا حال منتظر ہیں ۔ پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا ،دھند کے باعث گوجرہ فیصل آباد موٹروے ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑی۔گزشتہ رات لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا،محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں معمولی کمی اوراگلے ہفتے بارش کاامکان ظاہر کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے