راولپنڈی/اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل پارلیمانی کمیٹیوں سے متفقہ طور پر منظور ہو گیا ہے، امید ہے کہ پارلیمنٹ سے بھی پاس ہو جائے گا، خارجہ و جوہری معاملات پر سب کو ایک ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا ہے اور کسی رکن نے مخالفت نہیں کی، امید ہے کہ پارلیمنٹ سے بھی یہ بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے اسپانسرڈ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر میرے بھی تحفظات تھے مگر اس کی توسیع تو اپوزیشن بھی کرنا چاہ رہی تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایرانی جنرل پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہیں اور یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ علاوہ ازیں ملتان ائرپورٹ پر ڈاکٹر کی تضحیک پر وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے۔
آرمی ایکٹ ترمیمی بل پارلیمنٹ سے بھی منظور ہو جائیگا، غلام سرور
القمر
