اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ویڈیوز اسکینڈل کے الزامات کامعاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ ویڈیوز کہاں ہیں، ہم اپنے گھروالوں کوبھی جوابدہ ہیں اورووٹرز کو بھی جو الزامات لگارہے ہیں، ریٹنگ کے لیے کس نے اختیار دیا ہے کہ کسی کی پگڑیاں اچھالی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاستدانوں کی عزت اچھالنے کیخلاف کمیٹی بنائی جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری اور دیگر سیاسی رہنمائوں پر نازیبا ویڈیوز میںملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ارکان کو استحقاق کی تحاریک لانے کی ہدایت کردی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے فواد چودھری کو ان حالات کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چودھری اپنا بویا کاٹ رہے ہیں، ماضی میں پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی ان کی زبان سے محفوظ نہیں رہا۔ اجلاس کے دوران فواد چوہدری نے ویڈیوز اسکینڈل کے الزامات کامعاملہ اٹھایا اورکہاکہ یہ ویڈیوز کہاں ہیں۔ ہم اپنے گھروالوں کوبھی جوابدہ ہیں اورووٹرز کو بھی جو الزامات لگارہے ہیں ان کے گھروں میں مائوں ، بہنوں، بیوی کا احترام نہیںہوتا ہوگا، ہمارے گھروں میں تو سب کا احترام ہوتاہے، ریٹنگ کے لیے کس نے اختیار دیا ہے کہ کسی کی پگڑیاں اچھالی جائیں،کوئی سیاستدان چوک پر اپنی عزت رکھ کر نہیں آتا کہ ہر کوئی اسے چھتر مارے ، اسپیشل کمیٹی بنائی جائے ، یہ مشترکہ معاملہ ہے آخر قوانین پر عملدرآمد کیوں نہیںہوتا۔ عدلیہ کے حوالے سے ایسامعاملہ آئے تو وہاں تیزی سے توجہ دی جاتی ہے ۔ پارلیمنٹ کو اپنی عزت و وقار کا تحفظ کرنا ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہاکہ فواد چودھری میڈیا یا کسی ادارے سے گلے نہ کریں ایسے حالات ان کے اپنے پیداکردہ ہیں۔ سیاستدان خود اپنی عزت کی نیلامی کرتے رہے۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی شکایت جائز ہے مگر جب ان کے پائوں جلے ہیں تو بات کررہے ہیں ہمارے پائوں جلے تو اس وقت بات کیوں نہیں کی۔ فواد چودھری سے 13,14 سال کے دوران پی ٹی آئی سمیت کوئی جماعت محفوظ نہیں رہی۔ یہ بیج فواد چودھری کے بوئے ہوئے ہیں ۔ یہ خود اینکر رہے ، کیا نہیں ہے جو انہوں نے کہا کہ یہی کہہ سکتا ہوں کہ ہور چوپو ، گنا ہور چوپو ان کا اپنا لگایا ہوا ہے، ضابطہ اخلاق کی کمیٹی میں یہ معاملہ جاسکتا ہے۔ وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ خواتین کو آسان ٹارگٹ سمجھ لیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے فواد چودھری اور زرتاج گل کو استحقاق کی تحاریک پیش کرنے کی رولنگ جاری کردی ہے۔
فواد چودھری
