English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بدین اور ٹنڈومحمدخان میں الخدمت کی جانب سے آپریشن متاثرین میں امداد تقسیم

القمر

بدین/ ٹنڈومحمد خان( نمائندگان جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کینالوں کے کناروں پر رہائش پذیر لوگوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، انہیں ہر قسم کا ریلیف پہنچانے کے لیے الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار ہروقت موجود ہوںگے،سندھ حکومت متاثرین کے لیے متبادل رہائش، سردی سے بچائو کے لیے گرم بستروں اور کھانے پینے کی اشیا کا فوری طور پر بندوبست کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ٹنڈومحمد خان میںصحافیوں سے بات چیت اور الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے ضلع
بدین اور پھلیلی نہر کے کناروں پر آباد آپریشن سے متاثرہ افراد میں راشن اور کمبل ودیگرامدادی سامان تقسیم کے دوران کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ انکروچمنٹ کے نام پر پاکستان بننے سے قبل رہائش پذیر لوگوں کو اچانک بے گھر اور ان کی قیمتی املاک کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا جبکہ ہزاروں افراد دکانیں ٹوٹنے کی وجہ سے بے روزگار ہوچکے ہیں، اگر یہ لوگ غیرقانونی طور پر رہائش پذیر تھے تو عدلیہ سب سے پہلے ایریگیشن کے ان افسران کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے وہاں پر تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دی یا کوئی مزاحمت نہیں کی، آج تبدیلی کی دعویدار حکومت نے 50 لاکھ گھر دینے کے بجائے ہزاروں گھر مسمار کرکے لاکھوں لوگوں کو اس شدید سردی کے موسم میں بے گھر کردیا ، بچے،خواتین اور بزرگ کھلے آسمان تلے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جبکہ بنی گالا سمیت بڑے لوگوں کے ناجائز قبضوں کو قانونی لیز دے کر بچایا گیا ہے،سندھ کے کچے میں لاکھوں ایکڑ سرکاری زمین پر بااثر وڈیروں اور حکومت کے حامیوں نے قبضہ کررکھا ہے ، عدالت اس طرف بھی توجہ دے۔محمد حسین محنتی نے متاثرین کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان اس آزمائش میں انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی،ہم قانونی اور فلاحی طور پر متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، الخدمت فائونڈیشن ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ،الخدمت ماتلی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک شیخ،ضلعی امیر ڈاکٹر عبدالعزیز گدی پٹھان، قیم حافظ لعل محمد سولنگی، جماعت اسلامی ماتلی کے امیر ظفرالحق نظامانی اورمقامی امیر غلام علی چانگ بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے