English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: گرفتارملزم کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس

القمر

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتارملزم داؤدی مورکاس کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 جنوری تک جواب طلبکر لیا ہے۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس غلام اعظم نے سماعت کی۔داؤدی مورکاس کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔علاوہ ازیںاسلام آباد ہائی کورٹ نے اسٹاک اسٹریٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نعیم کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی ہے ۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ٹرائل جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم پر عوام کے 60 کروڑ روپے کے شیئر ہولڈرز میں خرد برد کا الزام ہے،ٹرائل میں 2 سال سے تاخیر ہی ہو رہی ہے،اب تو جج بھی تعینات ہوگئے ہیں ۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ مسئلہ یہ ہے کہ وفاقی حکومت کسی جج کو تعینات کرنے سے گھبراتی ہے،بہت سارے مسائل ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ 146 گواہان کو ٹرائل کورٹ کتنے عرصے میں طلب کرے گی،ٹرائل جلد مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت کو ہدایات جاری کررہے ہیں،ٹرائل جلد شروع نہ ہوتو ضمانت کی نئی درخواست دائر کردیں۔عدالت نے ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے