الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامہ جمع کرانے سے متعلق درخواست پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کے خلاف جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر نااہلی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے عام انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کے ساتھ جعلی حلف نامہ جمع کرایا تھا۔
درخواست امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ کی طرف سے دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا،اس بناء پر وہ صادق اور امین نہیں رہے،جعلی حلف نامہ جمع کروانے پر نااہل کیا جائے۔ فیصل واوڈا کو آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نا اہل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کا ابتدائی موقف سننے کے بعد فیصل واوڈا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت 3 فروری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی اور اخبار میں ایک خبر شائع ہوئی تھی کہ فیصل واوڈا نےالیکشن کمیشن میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا تھا۔انکشاف کیا گیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات میں فیصل واوڈا نے جب کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے جب کہ انہوں نے ایک جعلی حلف نامہ جمع کروایا تھا جس میں حلفیہ کہا گیا تھا کہ وہ غیرملکی شہری نہیں ہیں۔

