English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان ثقافت سے مالامال پرامن ملک ہے، صدر عارف علوی

القمر

لاہور (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ثقافت سے مالا مال پرامن ملک ہے، معاشرے کے مختلف پس منظر کے لوگوں کو متحد کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے کے لیے فنون لطیفہ اور ثقافت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اس مقصد کے لیے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور قلعہ میں 2سالہ لاہور بینالے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام خصوصاً بچوں کے تاریخی مقامات، عجائب گھروں کے دوروں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ صدر مملکت نے لاہور بینالے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگرام لوگوں کو فنون اور ثقافت کی طرف بھرپور راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن اور فن تعمیر کے بہت سے پہلو ہیں جن کی تلاش کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بدل چکا ہے۔ عدم تحفظ کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے تاریخی وزیر خان مسجد اور شاہی حمام کے بحالی کی کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی میوزیم بھی اپنا ایک مقام رکھتا ہے اور لوگ یہاں کا دورہ کرتے ہیں جس سے اس کی اہمیت اور بڑ ھ گئی ہے۔ صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کی وزیر ثقافت شیخ حور القاسمی کی کاوشوں کو بھی سراہا جو انہوں نے لاہور بینالے کے ذریعے لاہور کو نمایاں کرنے کے لیے کی ہیں۔ اس موقع پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری،متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ حور القاسمی ، لاہور بینالے فائونڈیشن کے ڈائریکٹر محسن حمید، ایل بی ایف کے چیئرمین عثمان خالد، ایل بی ایف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر قدسیہ رحیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے