اسلام آباد(صباح نیوز)معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں ہماری طاقت ہیں، عوامی ریلیف کے ایجنڈے میں اتحادی جماعتوںکا اہم کردار ہے،اتحادیوں کے حوالے سے سازشی عناصر کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے۔ سندھ کو کرپشن سے پاک کریں گے، مایوسی کے بادل جلد چھٹ جائینگے، بہتری کا سفرشروع ہوچکا ،کراچی کی تاجر برادری کا وزیراعظم کے اقدامات پر اظہاراعتماد معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کا ثبوت ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے استقبال کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی ائرپورٹ پر موجود ہونا سیاسی عمل کی پختگی اور سیاسی استحکام کی طرف مثبت پیشرفت ہے ،وزیراعظم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ کراچی تجارتی سرگرمیوں کی جنم گاہ ہے۔ کراچی پاکستان معاشی اعشاریوں کو بہتر بنانے اور دنیا بھر میں پذیرائی دلوانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ وزیراعظم سے کراچی کی تاجر برادری نے ملاقات کی اور وزیراعظم کی معیشت کو بہتر بنانے اورکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔کاروباری برادری کا وزیراعظم کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد ہماری ملکی معیشت کے درست سمت پر گامزن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات میںوفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو ترقیاتی منصوبوں میں ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان کی ترقی قومی مفاد کے تحفظ اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر ہم سب ایک ہیں اورسندھ مسائل اورکرپشن سے پاک کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے عوام کی ترقی اور وفاق پاکستان کو مضبوط بنانے کے خواب کو دہرایا اور توقع ظاہر کی کہ سندھ کے ادارے فعال ہوں گے ۔ اداروں سے کرپشن ختم ہوگی ۔وزیراعظم نے کہاکہ اداروں سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کیلئے اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ سندھ کے نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی کے لئے قرضے دیے جارہے ہیں کرپشن کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے ہر مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ قوم نواز شریف کی صحت کی موجودہ حالت جاننا چاہتی ہے پاکستان میں نواز شریف کی پلیٹ لیٹس میں اسٹاک مارکیٹ کی طرح اتار چڑھائوہورہا تھا۔ ڈاکٹر عدنان سے گزارش ہے کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کے بارے میں حالیہ رپورٹ سے قوم کو آگاہ کریں۔ تاکہ پتا چلے اصل مرض کیا تھا ان کے اصل مرض کی تشخیص ضروری ہے ، قوم ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جاننے کے لیے بے تاب ہے۔
اتحادی ہماری طاقت ہیں،سندھ کو کرپشن سے پاک کریں گے،فردوس عاشق
القمر
