English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت کا مسلمان بھی مودی سرکار کیخلاف اُٹھ کھڑا ہوا ہے، زبیر گوندل

القمر

بھمبر(صباح نیوز)جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل نے کہا ہے کہ کشمیر ی قوم کی جدوجہد آزادی اپنی منزل سے ضرور ہمکنار ہوگی ، پاکستان کے عوام کشمیری قوم کے ساتھ ہیں اور کسی حکمران کو اجازت نہیں دیں گے کہ کشمیر کی تحریک آزادی سے بے وفائی کرے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی سے چترال اور آزادکشمیر میں بھمبر سے اٹھ مقام تک عوام سڑکوں پر ہیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے برسر پیکار مجاہدین کشمیر کی پشت پر کھڑے رہنے کا عہد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ بھمبر کے زیر اہتمام خلیل شہید چوک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جے آئی یوتھ آزادکشمیرکے صدر راجا نثار احمد شائق، جماعت اسلامی ضلع بھمبر کے امیر چودھری فرید احمد،جماعت اسلامی یوتھ آزادکشمیر کے نائب صدر چودھری محمد علی اختر، کشمیر فریڈ م فورم کے صدر چودھری خالد ایڈووکیٹ، مولانا عبدالعزیز ، چودھری غلام سلطان ، حزب المجاہدین کے ذیشان کشمیری ، جے آئی یوتھ کے کوآرڈی نیٹر مرزا انعام الحق اور کشمیر فورم کے حافظ اظہر حسین نے بھی خطاب کیا ۔ مرکزی صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل نے کہا کہ مسلمان جسد واحد کی مانند ہیں مسلمانوں کو جہاں بھی تکلیف ہوگی ہم ان کے درد کو اپنا درد سمجھیں گے آج کشمیر میں جدوجہد آزادی عروج پر ہے اس کو دبانے کے تمام تر بھارتی حربے ناکام ہوچکے ہیں کشمیر ی قوم نے بھارتی آئین کو جوتے کی نوک پر رکھا ہوا ہے اور اس جرات کا نتیجہ ہے کہ بھارت کا مسلمان بھی اٹھ کھڑا ہوا ہے اور بھارتی حکمرانوں کے ظلم کے خلاف بے دھڑک بات کرتا ہے ایسے میں پاکستان حکمرانوں کو بھی جرات کا مظاہر ہ کرکے کشمیر پر اپنی دو ٹوک پالیسی طے کرنا ہوگی وگرنہ پاکستان کے عوام نے کشمیر جہاد سے بے وفائی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے