English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے کرکٹ مقابلے ممکن نہیں،فردوس عاشق

القمر

اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دیتا ان سے کرکٹ مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوںگے ،کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کے لیے ضروری ہے ، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی نیک شگون ہے، ملک کے دیگر شہروں میں بھی کرکٹ بحال کریںگے،وزیر اعظم نے کرکٹ کے ڈھانچے کی تشکیل نو کی ہے ۔ کھیل قوموں میں اتحاد پیدا کرتے ہیں اور دنیا کے سامنے معاشرے کی مثبت ساکھ پیش کرتے ہیں ، پاکستان میں کرکٹ بحالی سے پاکستان کے بارے میں دنیا کے سامنے غلط بیانیہ دینے والوں کے ارمان برباد ہوگئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ناجائز طریقے سے بنے ہر محل کو عوامیمقام میں تبدیل کردیں گے،عوام کے ٹیکسوں سے بنے ایک محل کوپناہ گاہ بنا دیا گیا ہے،سرکاری وسائل سے جن حکمرانوں نے بھی محلات بنائے ان تک عوامی رسائی کو یقینی بنائیں گے،عوام کے ٹیکسوں سے بنے ان محلات کے اصل مکین عوام ہیں، رئیل اسٹیٹ سمیت تمام شعبوں کے ڈان پر ہاتھ ڈالا جائے گا، کوئی نہیں بچ سکے گا، یہ ڈان خوفناک انجام سے دوچار ہوں گے،ہر شعبے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا،ماضی کے حکمران رشتہ داروں، دوستوںاور احباب کو نوازتے رہے، رئیل اسٹیٹ کے ضابطہ کار کو منصفانہ بنانے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اسلام آباد میں’’ 2روزہ ہائوسنگ ایکسپو‘‘ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہر شعبے کے ڈان کا احتساب ہوگا ،ٹیکسوں سے حکمرانوں نے جو بھی محلات بنائے ان پر عوام کا حق ہے ، ٹیکس گزاروں کی ایک ایک پائی کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بے گھر افراد کی سرپرست بنے گی، سستے گھر فراہم کرے گی، رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے ضابطہ کار کو منصفانہ بنانے کے لیے مشاورت کی جائے گی اور کسی کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کررکھا ہے نجی شعبوں کو شراکت داری کی دعوت دیتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے ایک ہمسایہ ملک نے پاکستان میں کرکٹ کے قتل عام کے لیے ہر فورم پر پروپیگنڈا کیا ، ہر راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں، پاکستان کے بارے میں غلط بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا تاہم آج اس کی نفی ہوگئی ہے ،انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق نہیں دیتا اس سے کسی طرح کے مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوںگے ۔ اگر تنازع کشمیر حل ہو جائے تو کون نہیں چاہے گا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے مقابلے ہوں ، وفود کے تبادلے ہوں ، اگر کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہوگی تو ایسے میں کیسے مقابلے ہوسکتے ہیں۔
200209-8-10

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے