English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا میں 4چینی فوجی افسران پر فرد جرم عائد

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں مبینہ طور پر کریڈٹ ریٹنگ کمپنی ایکوائی فیکس کی ہیکنگ کرکے 14 کروڑ سے زیادہ شہریوں کی ذاتی معلومات چوری کرنے کے الزام میں چینی فوج کے 4 افسران پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 2017ء میں ہونے والے ہیکنگ کے واقعے میں امریکی شہریوں کے نام اور پتے چوری ہوئے تھے جبکہ اس دوران کینیڈا اور برطانیہ کے کچھ شہری بھی متاثر ہوئے تھے۔ امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انسانی تاریخ میں ڈیٹا چوری کی بڑی وارداتوں میں سے ایک تھا۔ عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق چاروں کا تعلق چین کی لبریشن آرمی کے 54 ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے ہے جو چینی فوج ہی کا ایک ادارہ ہے۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری 9 نکاتی فرد جرم میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے ڈیٹا جمع کرنے کے نظام اور اس کے ڈیزائن کو بھی چوری کیا۔ واضح رہے کہ جن چینی فوجی افسران کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی ہے، وہ لاپتا ہیں اور اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کہ وہ کبھی امریکا میں اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ اس حوالے سے ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ بوچ نے کہا ہے کہ ہم نہ تو ملزمان کو تحویل میں لے سکتے ہیں اور نہ ہی عدالت لا یا جیل میں بند کر سکتے ہیں۔ چین کی جانب سے عدالتی فیصلے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے