English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹنڈو باگو، پسماندہ اسکول کے استاد نے طلبہ کو دنیا سے جوڑ دیا

القمر

ٹنڈوباگو (نمائندہ جسارت) پنگریو کے پسماندہ علاقے کے گاؤں کے سرکاری اسکول میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے باوجود وہاں پر مقرر استاد نے جدید ٹیکنالوجی کے باعث بچوں کو دنیابھر سے جوڑ دیا ہے، پنگریو کا گاؤں مخدوم عبدالرسول جو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ اس کے باوجود وہاں پر تعلیم حاصل کرنے والے بچے جدید دور کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، اسکول میں مقرر استاد کی دلچسپی نے اسکول کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کردیا ہے۔ اسکول میں آنے والا ہر بچہ بائیو میٹرک کی طرز پر اپنی حاضری خود لگاتا ہے۔ استاد نے اپنے خرچے پر بچوں کو کلاس میں ایل سی ڈی بھی مہیا کرکے دی ہے جس پر بچے مختلف نظمیں اور دیگر معلومات سیکھتے ہیں، جبکہ علاقہ مکین بھی بچوں کی اس طرح تربیت پر خوش نظر آتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ پسماندہ علاقے میں قائم اسکول میں جدید تعلیم حاصل کرنے سے ان کے بچے ایک دن ضرور ملک و قوم کا نام روش کریں گے۔ گائوں کے معزز مخدوم اکبر علی نے بتایا کہ ان کے پسماندہ گائوں میں کم سن طلبہ وطالبات کو دور جدید کے تقاضوں اور مہنگے نجی اسکولوں کے مقابلے کی تعلیم وتربیت کا انتظام اسکول کے محنتی استاد سید اختر شاہ کی ذاتی محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گائوں اور گردونواح کے دیہات کے بچے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ذریعے ساری دنیا سے جڑ گئے ہیں اور ہمارا چھوٹا سا سرکاری اسکول ماڈل گلوبل تعلیمی ادارہ بن گیا ہے اور اس جدید طرز تعلیم کو دیکھتے ہوئے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات میں بھی اس سرکاری اسکول میں داخلہ حاصل کرنے کی امنگ پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہمارے اسکول میں طلبہ وطالبات کی حاضری اور انرولمنٹ نہ ہونے کے برابر تھی مگر جدید طرز تعلیم اپنانے کے بعد اسکول میں نہ صرف طلبہ وطالبات کی حاضری کافی بہتر ہوئی ہے بلکہ انرولمنٹ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گائوں کا سرکاری اسکول ایک مثال بن گیا ہے اور سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار پر تنقید کرنے والوں کے لیے جو اب بھی ہے ہم اپنے سرکاری اسکول کے تعلیمی معیار پربہت خوش ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم سندھ کے حکام سے اپیل کی کہ وہ گائوں مخدوم عبدالرسول کے پرائمری اسکول کا دورہ کریں اور اسکول میں فراہم کی جانے والی جدید طرز تعلیم کا خود مشاہدہ کرکے اپنے ذاتی خرچ سے اس اسکول کو مثالی ادارہ بنانے والے استاد کی حوصلہ افزائی کریں جبکہ اسکول کے استاد سید اختر شاہ نے بتایا کہ انہوں نے طالب علموں کو جدید طریقے سے نصاب پڑھانے اور سکھانے کے لیے خصوصی اپلیکیشن تیار کرائی ہے۔ اس اپلیکیشن کے ذریعے کمپیوٹر پر طلبہ وطالبات کو عالمی معیار کے تقاضوں کے مطابق درس وتدریس دی جاتی ہے، جس سے طلبہ وطالبات بہت مستفید ہورہے ہیں جبکہ طلبہ وطالبات کی اسکول میں حاضری کا والدین کو بائیو میٹرک نظام کے تحت ایس ایم ایس چلا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے