اسلام آباد(صباح نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف )کا اجلاس فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آج (اتوار) سے شروع ہو گا جو 21 فروری تک جاری رہے گا،اجلاس میں پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکالنے یا ستمبر تک کی مہلت دینے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، وفاقی وزیراقتصادی امورحماد اظہر کی سربراہی میں پاکستان کا اعلی سطح کا وفد پیرس پہنچ گیا۔پاکستان کو اجلاس میں شریک 39 ممالک کے نمائندوں پر مشتمل فیٹف تنظیم میں کسی بھی خطرناک فیصلے سے بچنے کے لیے 3 ووٹ درکار ہیں ، توقع ہے کہ سعودی عرب، ترکی، ملائشیا، چین، کینیڈا، امریکا،برطانیہ، روس، سنگاپور، اٹلی، جاپان، فرانس، جرمنی،یونان، ارجنٹینا، آسٹریلیا کی حمایت ملنے کی صورت میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا متفقہ فیصلہ ہو جائے گا۔اجلاس میں اگر پاکستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تو پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے اور کمپلا ئنٹ ممالک کی صف میں شامل کر لیا جائے گا اور اگر ایسا نہ ہو سکا تو پاکستان کے ذ مے بقیہ 22 شرائط میں سے 12 شرائط پر عمل درآمد کے لیے ستمبر 2020ء تک کی ڈیڈ لائن دیے جانے کے امکانات ہیں۔بقیہ 12 شرائط پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کو مزید 2 جائزہ سیشن کا سامنا کرنے کا پابند کر دیا جائے گا جن میں پہلا فیٹف جائزہ جون 2020ء میں اور دوسرا فیٹف جائزہ ستمبر 2020 ء میں مکمل کر کے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس آج پیرس میں ہوگا
القمر
