English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی آشیر باد،یہودی آبادکاروں کے نئے منصوبوں کا اعلان

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) صہیونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلسطین کے علاقے مشرقی بیت المقدس میں یہودی آبادکاری اور توسیع پسندی کے 2 نئے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے لیے نام نہاد امن منصوبے ’’صدی کی ڈیل‘‘ کے اعلان کے بعد اسرائیل کو فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے، مکان مسمار کرنے اور یہودی آبادیوں کو توسیع دینے کی مکمل حمایت حاصل ہو چکی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو نے جبل ابوغنیم یہودی کالونی میں 2200 اور گیواٹ ہمٹوز میں 3 ہزار نئے مکانات کی منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے جاری وڈیو کلپ میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ نئی تعمیرات کے بعد مزید 10 ہار یہود کو آباد کیا جائے گا۔ دوسری جانب حماس نے نئی آبادکاری اور یہودی کالونیوں کی توسیع پر مبنی اسرائیلی اعلانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینی قومی قوتوں سے القدس کے دفاع کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مزاحمتی تحریک کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ علانات بین الاقوامی قوانین اور عالمی اقدار کے منافی ہونے کے ساتھ بیت المقدس پر براہ راست حملہ ہے۔ صہیونی ریاست ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کے ساتھ بیت المقدس کو یہودیانے کی مجرمانہ سازشوں پر عمل پیرا ہے۔ اُدھر اُردن نے اسرائیلی اعلان کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ذمے دریاں پوری کرنے پر مجبور کیا جائے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نئی یہودی کالونیوں کی تعمیر اور موجودہ بستیوں کی توسیع کا فیصلہ فلسطینیوں کی اراضی پر غاصبانہ قبضے اور یک طرفہ غیر قانونی اقدامات کے مترادف ہے، جو بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے