بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ چینی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مزید 889افراد میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ مہلک وائرس سے 118 ہلاکتوں کے بعد چین میں مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 236ہو گئی۔ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 75 ہزار 465 کیس سامنے آچکے ہیں۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی جیلوں میں کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر انفیکشن کی اطلاعات ہیں۔ شاندونگ صوبے کے حکام کا کہنا تھا کہ 200 قیدی اور 7 اہلکار کورونا وائرس سے متاثرہوئے۔ ہْوبے صوبے کے حکام نے بھی 2 جیلوں میں271 متاثرین کی تصدیق کی۔ ژی جیانگ صوبے کی جیل میں 34 افراد متاثر ہوئے۔ متاثرین اور ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کے باوجود چینی حکومت حتیٰ الامکان کاروباری سرگرمیاں معمول پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمایش شروع کر دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دواؤں کے نتائج سامنے آنے میں 3ہفتے لگیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا اس وقت کورونا وائر س کی لپیٹ میں آچکی ہے اور کئی ممالک اس وائر س کے حوالے سے پریشان ہیں۔ سجنوبی کوریا میں کورونا کے مزید 52نئے کیس سامنے آئے، جب کہ جاپان سے آسٹریلیا پہنچنے والے 2افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ایران میں کورونا وائرس کے مزید 3کیس رپورٹ ہوئے۔ ادھر کئی ممالک میں اس وائر س سے تنازعات بھی سامنے آرہے ہیں۔ یوکرائن میں ووہان سے آنے والوں کو قرنطینہ لے جانی والی بس پر لوگوں نے پتھراؤ کر دیا اور روڈ بندکرکے ٹائر جلائے۔ کویت کی قومی فضائی کمپنی نے ایران کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر دیں،جب کہ عراق نے بھی کورونا وائرس سے 2 ایرانی شہریوں کی ہلاکت پر ایرانی شہریوں کو ویزے جاری نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ عراق نے ایران سے ملحق تمام تر سرحدی چوکیوں کو 3دن کے لیے بند کر دیا ہے۔ عراقی وزارت مواصلات نے بھی ایران کے ساتھ پروازوں کو چند روز کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چین ،وائرس متاثرین کی تعداد پھر بڑھنے لگی،ہلاکتوں میں اضافہ
القمر
