کوٹری (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے سندھ حکومت کی بدانتظامی اور کرپشن نے سندھ کو تباہ حال بنادیا ہے پیپلزپارٹی کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی بھی وفاقی حکومت کو کرنا پڑرہی ہے۔ پیپلز پارٹی پولیس میں من پسند بھرتیوں کے لیے آئی جی کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں سندھ اسلامک پارٹی کے رہنما قاری وزیر مجاہدی کی شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی جنرل سیکرٹری روشن برڑو، خدا بخش خاصخیلی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جلال محمود شاہ نے کہا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت کے سبب امن وامان کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے سندھ پولیس کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات عمل میں لانے ہوں گے جس کیلئے موجودہ آئی جی سندھ کو بااختیار بنا کر پولیس اصلاحات لائی جاسکتی ہیں-انہوں نے کہا کہ ہمارہ مقصد مختلف نظریوں کے حامل افراد کو یکجا کرکے عوام کو بنیادی مسائل سے چٹکارہ دلانا ہے-ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہید ممتاز گورڑ کے مرکزی ملزم کو پولیس نے بیگناہ قرار دیکر چھوڑ دیا ہے جس سے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے جامشورو پولیس کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہیں اور ازسر نو تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پر بھر پور تحریک چلائی جائیگی-انہوں نے کہا کہ کوٹری کی فیکٹری سے ہزاروں بوریاں چینی برآمد ہونے سے سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول چکا ہے اور یہ بات عیاں ہے کہ یہ لوگ عوام کے دکھ درد کے بجائے مال بٹورنے میں مصروف ہیں۔ قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ اسلامک پارٹی کے رہنما قاری وزیر مجاہدی نے اپنی پارٹی کو ایس یو پی میں ضم کرنے کا اعلان بھی کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
حکومت کی بدانتظامی اور کرپشن نے سندھ کو تباہ حال بنادیا، جلال شاہ
القمر
