English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

باپ طاقت ،بھائی محافظ ،شوہر سرپرست ،بیٹا سہارا ،مخصوص خواتین کو اور کونسی طاقت چاہیے،فردوس عاشق

القمر

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ باپ طاقت، بھائی محافظ، شوہر سرپرست اور بیٹا سہارا ہے تو مخصوص خواتین کو اور کونسی طاقت چاہیے‘ عورت مارچ کے نعروں کو ہمارا مذہب اور معاشرہ قبول نہیں کرتا اور مٹھی بھر افراد ہماری قوم کی بہنوں اور بیٹیوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خواتین کو تحفظ دینا، انہیں بااختیار بنانا، آئین و قانون سمیت ثقافتی و تہذیبی اقدار اور عورت کی توقیر اور شان کے مطابق پالیسی بنانا اور اس پر عمل کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے تصور کو آگے بڑھانے میں خواتین کے کردار کو تسلیم کیے بغیر اس ریاست کی بنیادیں مضبوط نہیں بنائی جاسکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وہ خوش قسمت خواتین ہیں جو ایک ایسے معاشرے کی باعمل اور بااختیار شہری ہیں جہاں ہمارا دین ہمارے لیے چادر اور چار دیواری کی حدود کو طے کر کے زندگی گزارنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے تمام اصول واضح کرچکا ہے اور ان اصولوں کی روشنی میں اسلامی فلاحی ریاست پاکستان میں آئین تمام خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور ان کو بااختیار بنانے میں معاونت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے معاشرے کی بنیاد سماجی، سیاسی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کی بنیاد پر رکھی گئی ہے‘ میرے معاشرے میں سب سے پہلے طاقت میرا باپ دیتا ہے‘ پھر میرا بھائی میری عزت و توقیر کا ضامن بنتا ہے‘ پھر میرا خاوند میرا سرپرست بنتا ہے اور پھر میرا بیٹا بڑھاپے کا سہارا بنتا ہے‘ یہ میرا نظام ہے جو مجھے مذہبی انداز سے سماجی طور پر تحفظ فراہم کرتے ہوئے سپورٹ کرتا ہے اور میری طاقت بنتا ہے تو پھر مجھے اپنے آپ کو کمزور بنا کر اس طرح کے نعروں کے ساتھ کونسی طاقت چاہیے جس کے لیے مجھے سڑکوں پر آ کر وہ نعرے بلند کرنے پڑتے ہیں جن کی ہمارے معاشرتی نظام، معاشرتی رویوں، مذہب اور گھر میں اجازت نہیں اور نہ ذہن انہیں قبول کرتا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ اگر عورت مارچ والے پاکستان کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیے بغیر نکلیں تو میں اس مارچ میں شانہ بشانہ آپ کی طاقت بنوں گی اور آپ کو طاقتور بنانا ہی ہمارا سب سے بڑا اور اہم مشن ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ میڈیا کے اندر جو لوگ میری بیٹیوں کو طاقت دینے اور بااختیار بنانے کے لیے نعرے متعارف کرا رہے ہیں انہیں اس بات کا شاید اندازہ نہیں ہے کہ اس سے سب سے زیادہ عورت ہی نشانہ بن رہی ہے۔ دریں اثنا ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جمعے کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان کے بعد جاری اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج جمہوریت کی باتیں کرنے والے اپنے دور میں آئینی ترمیم کرکے بادشاہ سلامت بننے کی کوشش کرتے رہے ‘ ان کی جمہوریت یہ تھی کہ بڑا بھائی خود وزیراعظم، چھوٹا وزیراعلیٰ، بھتیجا سب سے بڑے صوبے کے مختاراعلیٰ بنا رہے جبکہ صاحبزادی ’’سپر وزیراعظم‘‘ کا درجہ رکھتی تھیں‘وزیراعظم ہفتے کو کراچی جائیں گے جہاں وہ عوامی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور کراچی کے مسائل کے حل کے لیے طے کردہ ترجیحات کا جائزہ لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے