چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا 25 اپریل بروز ہفتے کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
کراچی محکمہ موسمیات کے دفتر میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر مفتی منیب الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پشاورسمیت ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ ہوگا۔
مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک دوران تمام مساجد کی انتظامیہ علماء کرام اور حکومت کے درمیان ہونے والے 20 نکات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام مساجد کے دروازوں پر ہینڈ سینیٹائزر کی سہولت موجود ہو، مساجد سے قالین اور دریاں اٹھا لی جائیں، نزلہ، زکام، کھانسی یا کوئی اور مرض ہو تو مسجد میں نہ آئیں، مساجد میں نمازیوں کو لائن اپ کرنے کے لیے رضاکار مقرر کیے جائیں۔
ذرائع محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ ملک میں رمضان المبارک کا چاند آج (23 مارچ) کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا نمائندہ بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوا۔ وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر طارق مسعود بطور ٹیکنکل ایکسپرٹ کمیٹی کا حصہ ہیں۔
