دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنانی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے پیر کی صبح دمشق کے نواح میں مختلف اہداف کی طرف میزائل داغے۔ ان حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے 4 ارکان سمیت 3 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ دمشق حکومت نے اسے اسرائیلی جارحیت قرار دیا ہے۔ یہ میزائل حملے سنہایا اور الکسوا کے درمیان کے علاقوں میں مختلف اہداف پر کیے گئے۔ شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تازہ ترین فضائی بم باری میں دمشق کے جنوب میں ایرانی فورسز اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل شام میں بشار حکومت کے زیر انتظام سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ شامی فضائی دفاعی نظام نے پیر کو علی الصبح دارالحکومت دمشق کی فضاؤں میں ایک حملہ ناکام بنا دیا۔ مزید یہ کہ لبنان کے اوپر بھی اسرائیلی جارحیت کا راستہ روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس دوران کئی اسرائیلی میزائلوں کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔ عرب ٹی وی کے ذرائع نے المرصد کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں پاسداران کے 4 ارکان ہلاک ہو گئے۔ تاہم شامی حکومت نے صرف 3 شہریوں کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔المرصد کے اعلان کے مطابق پیر کو علی الصبح دارالحکومت دمشق اور اس کے اطراف اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں زوردار دھماکے ہوئے۔ جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں ایرانی فورسز، لبنانی حزب اللہ ملیشیا اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے مراکز پائے جاتے ہیں۔
شام میں ایک بار پھر اسرائیلی حملے،7 افراد ہلاک
القمر
