کراچی : الخدمت کے تحت کورنگی 5 نمبرمیں سستی روٹی تندور کا آغاز کردیا گیا ہے، سستی روٹی تندور سے شہری روزانہ عصر سے رات 10 بجے تک استفادہ کرسکیں گے۔
جماعت اسلامی کے تحت کرونا ریلیف مہم کے سلسلے میں کورنگی نمبر 5 جے ایریا میں الخدمت سستی روٹی تندور کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سستی روٹی تندور کا افتتاح گزشتہ روز جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبد الجمیل خان اور سستی روٹی سکیم کے انچارج ناصر خان سمیت علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔
الخدمت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت سے شہری 5 روپے کی روٹی اور 5 روپے کا سالن حاصل کر سکیں گے۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ دار عثمان جٹ نے جسارت کو بتایا کہ الخدمت سستی روٹی تندور سے شہری رمضان المبارک میں عصر سے رات 10 بجے تک استفادہ کرسکیں گے۔ اس دوران کورنگی سیکٹر 36 اے جے ایریا اور اطراف کے علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو 5 روپے کی روٹی اور 5 روپے کا سالن فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل شہر میں لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی 18 مارچ سے جماعت اسلامی کورنگی جے ایریا نے مستحق خاندانوں میں ریلیف کے کام کا آغاز کیا اور اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد خاندانوں میں راشن اور سبزیوں کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب تک لاک ڈاؤن سے متاثرہ 850 خاندانوں میں راشن بیک اور 730 خاندانوں میں سبزیوں کے میگا بیک کے ساتھ سو سے زائد خاندانوں میں گوشت پہنچا چکے ہیں جب کہ ریلیف کا یہ کام تاحال جاری ہے تاہم رمضان المبارک کے دوران اس طویل لاک ڈاون سے متاثرہ عوام کی سہولت کے لیے سستی روٹی تندور کا آغاز کیا گیا ہے جو لاک ڈاؤن کے اختتام تک جاری رہے گا۔
