English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے: وزیر خارجہ

القمر

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وطن واپسی کے منتظر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار علی بخاری اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں عالمی وبائی صورتحال، بیرون ملک مقیم وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی واپسی کا تیسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے، آج تک مختلف ممالک سے 12 ہزار کے قریب پاکستانیوں کو وطن واپس لاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن واپسی کے منتظر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 63 ہزار کے قریب پاکستانی ہمارے پاس رجسٹر ہو چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں ہفتہ وار 7 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں، صوبوں کے تعاون کے ساتھ، ہماری استعداد کار میں مزید اضافہ ہو چکا ہے جو زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے وطن واپس لانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں روکنے کے لیے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی سہولیات سے متعلقہ وضع کردہ ایس او پی پر عملد رآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہميں کورونا وبا کے مقامی پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آئندہ آنے والے دنوں میں احتیاطی تدابیر کو بالخصوص ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا، حکومت اس وبائی صورتحال کے معاشی مضمرات سے نپٹنے کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار علی بخاری اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کے لیے وزیر خارجہ کی شبانہ روز خصوصی کاوشوں کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے