واشنگٹن/لندن/پیرس/میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ایک بار پھر کورونا سے اموات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ عالمگیر وبا کے باعث دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 32 ہزارسے زاید ہو گئی ہے۔امریکا میں مزید 880افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 62 ہزار553 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 78 ہزار 476تک پہنچ گئی ہے جو دنیا بھر کے مجموعی کیسز کا ایک تہائی ہے۔ نیویارک شہر میں کورونا وائرس کی وبا سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہونے کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے خصوصی مردہ خانوں کا انتظام بھی کیا تھا جبکہ کورونا میں ہلاک ہونے والے افراد کی آخری رسومات کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی تھیں۔تاہم اس باوجود نیویارک شہر کے بڑے مردہ خانوں میں بھی لاشیں رکھنے کے لیے جگہ کم پڑگئی تو مردہ خانوں کی انتظامیہ نے کرائے پر ٹرک حاصل کرکے انہیں سڑک پر کھڑا کرکے ان میں لاشیں رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا۔ایک ایسے ہی مردہ خانے کی جانب سے ریفریجریٹر کے بغیر ٹرکوں پر رکھی گئی لاشوں سے تعفن اٹھنے کے بعد قریبی آبادی کو شدید پریشانی کا سامنا ہوا تو سیکورٹی اہلکاروں نے آکر لاشوں کو محفوظ جگہ منتقل کردیا۔ دوسری جانب اٹلی میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 27 ہزار967 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اسپین میں 24 ہزار 553 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔فرانس میں بھی 24ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔برطانیہ میں مزید 765نئی اموات ریکارڈ کیں گئیں جس کے بعد برطانیہ میں مجموعی تعداد 27ہزار ہوگئی ہے۔بھارت میں جمعرات کے روز کورونا سے مزید 72افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد1718ہوگئی۔
دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 2لاکھ 32ہزار سے تجاوز کرگئیں
القمر
