English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جھڈو، سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں سختی

القمر

جھڈو (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں سختی کے احکامات کے بعد 40ویں روز جھڈو میں جمعہ کے دن 12 بجے سے دوپہر 3 بجے تک تین گھنٹوں تک مکمل لاک ڈائون رہا، اس دوران شہر میں ہر طرح کا کاروبار اور ٹریفک مکمل طور پر بند رہا، جبکہ بارہ بجتے ہی پولیس اہلکاروں نے کھلی ہوئی دکانوں کو بھی بند کروانا شروع کردیا، پولیس اور مقامی انتظامیہ کا شہر میں گشت۔ جمعہ کے دن صبح آ ٹھ بجے سے بارہ بجے تک بازاروں میں ساتویں رمضان المبارک کی خریداری کرنے والے شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا اور مرد و خواتین بڑی تعداد میں بازاروں میں رمضان المبارک کی خریداری میں مصروف نظر آئے، بارہ بجے سے قبل جھڈو میرپورخاص مین ہائی وے پر بھی ٹریفک اور کاروبار جزوی طور پر بحال رہا، جبکہ بارہ بجتے ہی تین گھنٹے کا لاک ڈائون نافذ ہوتے ہی شہر کی مارکیٹوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر مکمل طور پر سناٹا چھا گیا اور تمام کاروباری مراکز اور بازار مکمل طور پر بند کردیے گئے۔ اس دوران پولیس اور انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا گشت بھی کیا اور لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے مساجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کے انعقاد پر پابندی کے احکامات کے بعد شہریوں کی اکثریت نے اپنے گھروں میں نماز ظہر ادا کی۔ جھڈو میں جمعہ کے روز تمام مساجد کے باہر پولیس اہلکار تعینات تھے اور مساجد میں جمعے کی نماز کے بڑے اجتماعات پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے مطابق ہر مسجد میں صرف پانچ افراد نے جمعہ کی نماز با جماعت ادا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے