بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران ہیئر ڈریسر کو مقامی افراد نے بال نہ کاٹنے پر بے دردی سے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں ملوث 3 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جب کہ مزید کی تلاش جاری ہے۔
مقتول کی اہلیہ نے پٹنا شہر کے ضلع بنکا کے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں واقعے کی شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ گاؤں کے درجنوں افراد نے گھر سے بلا کر شوہر کو زبردستی دکان کھولنے کا کہا۔
اہلیہ کے بقول شوہر نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکان کھولنے سے انکار کردیا جس پر طیش میں آکر لوگ دنیش پر برس پڑے اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے لگے۔
اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ شدید تشدد کے بعد شوہر کے سر میں دو گولیاں مار کر اسے قتل کردیا گیا ہے اور لاش اگلے روز ملحقہ گاؤں سے ملی۔
پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے اور نامزد افراد کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
