کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم جون کے بعد بھی بند رکھے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں تمام صوبائی وزراء نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں، تاہم خیبرپختونخوا نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی حمایت کر دی۔
تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے صوبوں میں اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے معاملہ کل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
