اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی ترقی کے لیے برطانوی ادارہ ڈی ایف آئی ڈی کی سربراہ مس اینابیل گیری بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حفیظ شیخ نے پاکستان میں ڈی ایف آئی ڈی کے تعاون سے سیکور ٹرانزیکشن رجسٹری کے افتتاح سمیت دیگر پروگراموں
میں معاونت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مستقبل میں ترقیاتی کاموں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ علاوہ ازیں حفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت ڈیری کی صنعت کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے اور اس شعبے کے فروغ میں حکومت اپنابھرپور کردار اداکرے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے وڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کے دوران کہی۔ بات چیت میں ڈیری کے شعبے کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا اور ڈیری کے شعبے کو درپیش مشکلات پر تفصیلی بات چیت کے ساتھ ساتھ آئندہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ، ایف بی آر اور ڈیری صنعت کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کاقیام بھی عمل میں لایا گیا۔ کمیٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے تجاویز اگلے ہفتے تک پیش کرے گی۔دوسری جانب حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈائون کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو معاونت فراہم کرنے پر تفصیلی غورکیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ یہ پیکج ایسی صنعتوں کے لیے ہے جو کم سے کم 5 افراد اور زیادہ سے زیادہ 30 افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ معاونت کے حصول کے لیے کاروبار کا رجسٹر ہونا لازمی نہیں مگر کاروبار کی موجودگی کی تصدیق کے لیے 3 قسم کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے،اس پیکج کے تحت چھوٹی صنعتوں کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بھی بہتر کرنے پر غور کیا گیا تاکہ وہ مشکل حالات میں ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ پیکج پر عملدرآمد کے لیے اسمال اینڈ میڈئم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کی معاونت درکار ہوگی۔ادھروزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے جمعرات کو اسٹیٹ بینک اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے سیکور ٹرانزیکشن رجسٹری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکو تحفظ اورفروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اپنی صلاحیت کے مقابلے میں صرف10 فیصد پیداوار دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مالیاتی سہولیات کی نامناسب رسائی کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کی پیداوار کم ہے۔
وزارت خزانہ، ایف بی آر اور ڈیری صنعت کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کاقیام
القمر
